ہماری حکومت آئی تو نوجوانوں کو بلاسود قرض دیں گے ،عبدالعلیم خان

استحکام پاکستان پارٹی کے صدر عبدالعلیم خان نے کہا کہ ہماری حکومت آئی تو نوجوانوں کو بلاسود قرض دیں گے۔
تفصیلات کے مطابق استحکام پاکستان پارٹی کے صدرعبدالعلیم خان نے کامونکی میں جلسے سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ سیاست میں مذہب کا نام استعمال نہ کیا جائے، ریاست مدینہ کانام لینے والے جھوٹ نہ بولیں۔
انہوں نے کہا کہ ہم نے نیا پاکستان بنانے کیلیے 10 سال تک رات دن محنت کی اور جب وہ صاحب وزیر اعظم بنے تو پنجاب میں بزدار کو لے آئے اور خیبرپختونخوا میں گورا بزدار وزیراعلیٰ بنایا۔
عبدالعلیم خان نے یہ بھی کہا کہ پنجاب میں عثمان بزدار نے بنی گالہ کی سپورٹ سے کرپشن کا جمعہ بازار لگایا اور بیڈ گورننس کی جس سے لوگوں کے دل ٹوٹ گئے۔ پی ٹی آئی دور میں لاہور کے سرکاری اسپتالوں میں ایک بیڈ پر چار چار بچے ہوتے تھے جبکہ مائیں اپنے بچوں کو باہر گودوں میں لے کر بیٹھتی تھیں۔
ان کا کہنا تھا کہ ملک کے حکمران چور ہیں،لٹیرے حکمران ہمارے ملک کو لوٹ کر کھا گئے، سندھ کا حال یہ ہے کہ وہاں ایک ہی ندی سے کتے اور انسان کے بچے پانی پیتے ہیں، لوگوں کے لیے پینےکا صاف پانی نہیں۔